صدر ٹرمپ امن کے حقیقی سفیر ہیں، نوبیل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں

ٹرمپ نے جنوبی ایشیاء میں امن قائم کرکے لاکھوں لوگوں کی زندگی بچائی،ٹرمپ مداخلت نہ کرتے تو پاک بھارت جنگ بہت آگے بڑھ جاتی۔ وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 اکتوبر 2025 23:47

صدر ٹرمپ امن کے حقیقی سفیر ہیں، نوبیل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست ..
شرم الشیخ ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13 اکتوبر 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ امن کے حقیقی سفیر ہیں، نوبیل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں۔شرم الشیخ میں وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب میں کہا کہ امن کے حصول کیلئے آج ایک تاریخی دن ہے۔ صدر ٹرمپ امن کے علمبرار ہیں، آج اہم دن ہے انتھک محنت کے بعد غزہ میں امن قائم کرنے کیلئے کامیاب ہوئے، صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں، صدر ٹرمپ امن کے حقیقی سفیر ہیں، صدر ٹرمپ نے دنیا میں امن کیلئے دن رات کام کیا۔

ٹرمپ نے جنوبی ایشیاء میں امن قائم کرکے لاکھوں لوگوں کی زندگی بچائی، پاکستان اور دونوں نیوکلیئر پاور ہیں، صدر ٹرمپ مداخلت نہ کرتے تو پاک بھارت جنگ بہت آگے بڑھ جاتی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل مصر کے شہرشرم الشیخ میں امریکا اور ثالثوں نے غزہ امن معاہدے پر دستخط کردیئے،اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل یہاں موجود نہیں لیکن وزیراعظم موجود ہیں، وزیراعظم شہبازشریف کیا آپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کریں گے؟امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہبازشریف کو خطاب کی دعوت دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ امن معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوگا۔ میڈیا کے مطابق مصر کے شہرشرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے کی دستاویزپر امریکی صدر، ترک صدر، مصری صدر،امیر قطر، وزیراعظم شہبازشریف ودیگر ثالثوں نے دستخط کئے۔ غزہ امن معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوگا، دوست ممالک کے تعاون سے غزہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔

غزہ جنگ بندی کے نفاذ اور خطے میں امن کا قیام ناگزیر ہے۔آج دنیا بھر کے رہنماء اجلاس میں شریک ہیں تاکہ مستقل امن کیلئے لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ امن معاہدے میں مصر کا کردار قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ امن معاہدہ بہت بڑی کامیابی ہے، غزہ کیلئے لوگوں کیلئے آج تاریخی دن ہے، معاہدے کی دستاویز بہت جامع ہیں اس میں تمام قواعدوضوابط شامل ہیں، آج غزہ معاہدے سے متعلق ایک جامع دستاویز پر دستخط کررہے ہیں۔

شرم الشیخ سربراہی اجلاس مشر ق سطیٰ کیلئے بہترین دن ہے۔ امریکی صدر نے خطاب میں قطر، ترکیہ ، مصر کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایسے رہنماؤں کی کاوشوں سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہورہی ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان فائربندی کامیابی سے جاری ہے۔ معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں امن او رخوشحالی آئے گی، ایران کیلئے بھی دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں، مجھے پتا ہے کہ ایران بھی ڈیل کرنا چاہتا ہے، ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ ہم دنیا کے بہترین ہتھیار رکھتے ہیں، ہم نے اسرائیل کو مہلک ترین ہتھیار دیئے،بنیامین باربار کہتا ہے کہ کیا آپ یہ ہتھیار دے سکتے ہیں وہ یہ ہتھیار دے سکتے ہیں، ان میں کچھ ہتھیاروں کا میں نے نام تک نہیں سنا مگر ہم دیتے ہیں، اسرائیل مضبوط اور طاقتور ہوا تو ہم امن تک پہنچے ۔

یہ اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کا سنہرا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی بھر یہی کام کیا میں ڈیل کراتا ہوں۔ دوستی اور تعاون کے نئے رشتے تل ابیب سے دبئی ، یروشلم سے دمشق ، اسرائیل سے مصر، سعودی عرب سے قطر ، بھارت سے پاکستان ، انڈونیشیا سے عراق، شام سے بحرین، ترکیہ سے اردن ، یواے ای سے عمان ، آرمینیا سے آذربائیجان تک جڑیں ہیں۔ اسرائیل امریکا اور مشرق وسطیٰ کے تمام ملک جلد ہمیشہ سے زیادہ محفوظ اور مضبوط ہوں گے۔