میٹرک سیکنڈ اینول امتحان ، تین امیدوار نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

پیر 13 اکتوبر 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی محمد عدنان خان نے میٹرک سیکنڈ اینول امتحان 2025 کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے امتحانی عملے کی حاضری، امتحانی مواد کی سکیورٹی اور امیدواروں کے بیٹھنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

چیئرمین بورڈ نے اس موقع پر بتایا کہ امتحانی عمل کے دوران تین امیدوار نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیے گئے جن میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کامرس کالج سنی بینک مری کے امیدوار محمد امان اللہ عباسی (رول نمبر 217681) اور رومان اسد (رول نمبر 217610)، جبکہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی کے امیدوار سید حسن کبیر کاظمی (رول نمبر 205669) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تینوں امیدواروں کے خلاف فوری طور پر کیسز درج کر کے ڈسپلن برانچ بورڈ آفس کو مزید کارروائی کے لیے ارسال کر دئیے گئے ہیں۔ محمد عدنان خان نے واضح کیا کہ امتحانی عمل میں کسی قسم کی بددیانتی یا نقل برداشت نہیں کی جائے گی، امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ سخت کر دی گئی ہے اور تمام عملہ امتحانی ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل درآمد کا پابند ہے۔

متعلقہ عنوان :