چوہدری شافع حسین نئی سرمایہ کاری لانے کے لئے سرگرم عمل،ہانگ کانگ پہنچ گئے

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:41

چوہدری شافع حسین نئی سرمایہ کاری لانے کے لئے سرگرم عمل،ہانگ کانگ پہنچ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نئی سرمایہ کاری لانے کے لئے سرگرم عمل،ہانگ کانگ پہنچ گئے۔ محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کا معاہدہ طے پاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کی چیئرمین ایگنس چن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

معاہدے کی رو سے ایشیا کے بڑے کاروباری مرکز ہانگ کانگ اور پنجاب کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔معاہدے کے تحت دوطرفہ تجارت،سرمایہ کاری اور معاشی اشتراک بڑھایا جائے گا اور ہانگ کانگ اور پنجاب کی بزنس کمیونٹی کے مابین باہمی مفادات کو فروغ دیا جائے گا۔کاروباری سرگرمیوں کیلئے سہولت کاری،مارکیٹ کے مواقع کا تبادلہ اور مشترکہ تجارتی اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے،پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔صنعتی یونٹس لگانے کیلئے سپیشل اکنامک زونز میں آسان اقساط میں زمین حاصل کی جاسکتی ہے۔

ہانگ کانگ کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بہت سی بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں تیزی سے اپنے صنعتی یونٹس لگا رہی ہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاری سے پنجاب کو جدید ٹیکنالوجی منتقل ہو رہی ہے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کے مابین اشتراک کا معاہدہ خوش آئند ہے۔

باہمی اشتراک سے پنجاب میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی اور برآمدات بڑھیں گی۔عوامی سطح کے روابط بڑھنے سے پنجاب اور ہانگ کانگ میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس کی چیئرمین ایگنس چن نے کہاکہ ہانگ کانگ جنرل چیمبر آف کامرس اور پنجاب کے مابین اشتراک کا معاہدہ اہم اقدام ہے۔ہانگ کانگ کی انٹرنیشنل بزنس کمیونٹی کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔اپنے چیمبر کے ممبران کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔چیئرمین ایگنس چن نے کہاکہ معاہدے کا مقصد دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کے مابین روابط بڑھانا اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔