پولیو مہم کے دوران لاکھوں بچوں کی ویکسینیشن سے محرومی کا انکشاف

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:44

پولیو مہم کے دوران لاکھوں بچوں کی ویکسینیشن سے محرومی کا انکشاف
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) پولیو مہم کے دوران لاکھوں بچوں کی ویکسینیشن سے محرومی کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق ذیلی انسداد پولیو مہم مقررہ ہدف کے 98 فیصد نتائج حاصل کر سکی، پولیو مہم یکم تا سات ستمبر ملک کے مخصوص 81 اضلاع میں منعقد ہوئی، گلگت بلتستان 101 فیصد کوریج کے ساتھ پولیو مہم میں سر فہرست رہی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ 97 فیصد کوریج کے ساتھ ناقص ترین پولیو مہم پنجاب میں منعقد ہوئی، وفاقی دارالحکومت میں 98 فیصد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جا سکی، سندھ، کے پی، بلوچستان آزاد کشمیر میں 98 فیصد بچوں کی پولیو ویکسینیشن کی گئی۔

مہم میں ملک بھر میں 4 لاکھ 22152 بچے ویکسین سے محروم رہے، مہم کے دوران 3 لاکھ 55 ہزار بچے پولیو ویکسین کیلئے دستیاب نہ تھے، سیکیورٹی وجوہات، بائیکاٹ پر 19403 بچے پولیو ویکیسن سے محروم رہے۔ذیلی پولیو مہم میں ویکسین سے بائیکاٹ کے 47793 کیس رپورٹ ہوئے، ذیلی مہم میں سندھ میں 216881 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے، پنجاب 82792،کے پی 68529 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 47335 بچے پولیو ویکسینیشن سے محروم رہے، پولیو مہم میں اسلام آباد میں 5098 بچوں کی پولیو ویکسینیشن نہ ہو سکی، آزادکشمیر 647، جی بی 870 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔