پنجاب فوڈ اتھارٹی کی لاہور میں کارروائیاں،14 ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف

منگل 14 اکتوبر 2025 10:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں جعلی دودھ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کے دوران 14 ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا ۔ترجمان کےمطابق وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کے ملاوٹ سے پاک صحت مند پنجاب مشن کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے لاہور میں جعلی دودھ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں اور اس دوران14 ہزار لیٹر ناقص دودھ تلف،6 ٹینکر ضبط،6 مقدمات درج اور 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر دودھ تلف کیا گیا۔ تلف شدہ دودھ میں پانی، پائوڈر اور ویجیٹیبل گھی کی ملاوٹ پائی گئی جس کے باعث اس میں قدرتی غذائیت موجود نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈیری فارم سے صارف تک دودھ کی ٹریسیبیلٹی اور چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو خالص دودھ میسر ہو۔انہوں نے کہا کہ جعلساز مافیا کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنا کر پنجاب کو ملاوٹ سے پاک بنانے کے مشن پر عملدرآمد جاری ہے۔