کاشتکاروں کو پاک سیڈر اور سپر سیڈر مشینیں سبسڈی پر فراہم کی جائیں گی،محکمہ زراعت پنجاب

منگل 14 اکتوبر 2025 17:11

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب کے زیرِ اہتمام کلین ایئر پروگرام برائے سال 2025-26کے تحت کسانوں میں پاک،سپر سیڈرز 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کرنے کے لیے قرعہ اندازی کا انعقاد کیا جائے گا۔یہ قرعہ اندازی 15 اکتوبر 2025 بروز بدھ دوپہر 12:00 بجے جناح ہال بر قلعہ سیالکوٹ پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سیالکوٹ کی زیر نگرانی منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’پنجاب کلین ایئر پروگرام‘‘ کا مقصد فضائی آلودگی میں کمی، فصلوں کی باقیات کے بہتر انتظام اور جدید مشینری کے فروغ کے ذریعے ماحول دوست کاشتکاری کو فروغ دینا ہے۔ اس اسکیم کے تحت کامیاب کاشتکاروں کو پاک سیڈر اور سپر سیڈر مشینیں سبسڈی پر فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ جدید زرعی آلات استعمال کر سکیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچرل انجینئرنگ سیالکوٹ نے بتایا کہ تمام متعلقہ محکمے، خاص طور پر ضلعی انتظامیہ، ریونیو اور اطلاعات کا عملہ اس تقریب کی کوریج اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔