پی سی ڈی ایم اے کا ایف بی آر سے ٹیکس ریٹرن کی تاریخ 30 نومبر تک بڑھانے کا مطالبہ

منگل 14 اکتوبر 2025 21:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم ای) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے مطالبہ کیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبرسے بڑھا کر 30 نومبر 2025 کی جائے۔ایک بیان میں پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے کہا کہ ایف بی آر کے آئی آر آئی ایس پورٹل میں مسلسل تکنیکی خرابیاں اور ریٹرن فارم کی تاخیر سے اجراء نے ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ڈیڈ لائن غیر عملی ہو چکی ہے کیونکہ پورٹل میں سست روی، تکنیکی رکاوٹوں اور انٹرنیٹ میں مسلسل خلل کی وجہ سے ٹیکس دہندگان بروقت ریٹرن فائل کرنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ایف بی آر کے پورٹل پر بار بار پیش آنے والے مسائل کے باعث بزنس کمیونٹی شدید دباؤ میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ تاریخ میں توسیع سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کوقانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں سہولت ملے گی بلکہ ایف بی آر پر سے بھی غیر ضروری دباؤکم ہو گا۔

چیئرمین پی سی ڈی ایم اے نے ایف بی آر سے اپیل کی کہ وہ ٹیکس دہندگان کے مفاد میں فوری طور پرڈیڈ لائن میں توسیع کرے اور آئی آر آئی ایس سسٹم کے تکنیکی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ ریٹرن فائلنگ کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا جا سکے۔