جیپ ساز کمپنی سٹیلینٹس کا امریکا میں 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) جیپ بنانے والیبین الاقوامی کمپنی سٹیلینٹس (Stellantis) نے آئندہ چار برس میں امریکی پلانٹس میں 13 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس سے مشی گن اور دیگر مڈ ویسٹرن ریاستوں میں 5,000 سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔اے ایف پی کے مطابق یہ منصوبہ کمپنی کی 100 سالہ تاریخ میں سب سے بڑی امریکی سرمایہ کاری قرار دیا جا رہا ہے، اس میں بیلویڈیئر، الینوائے میں واقع ایک فیکٹری کی دوبارہ بحالی بھی شامل ہے جسے 2023 میں بند کیے جانے کے بعد مزدور یونین اور کمپنی کے درمیان تنازع کا باعث سمجھا جا رہا تھا۔

سٹیلینٹس 600 ملین ڈالر کی لاگت سے بیلویڈیئر پلانٹ دوبارہ کھولے گی جہاں جیپ چروکی (Jeep Cherokee) اور جیپ کمپاس (Jeep Compass) کی پیداوار میں توسیع کی جائے گی، ابتدائی پیداوار 2027 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

دیگر سرمایہ کاریوں کے تحت اوہائیو، مشی گن اور انڈیانا میں موجود پلانٹس میں نئے ماڈلز تیار کیے جائیں گے جن میں انٹرنل کمبس شن انجن والی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

سٹیلینٹس کے مطابق نئی سرمایہ کاری سے کمپنی کی امریکا میں پیداوار میں اضافہ ہوگا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹرمپ انتظامیہ نے درآمدی گاڑیوں اور پرزہ جات پر بھاری ٹیرف نافذ کیے ہیں۔کمپنی کے سی ای او انتونیو فیلوسا نے کہاکہ امریکا میں یہ سرمایہ کاری ہماری ترقی کو تیز کرے گی، مینوفیکچرنگ نیٹ ورک کو مضبوط بنائے گی اور ان ریاستوں میں مزید امریکی ملازمتیں پیدا کرے گی جنہیں ہم اپنا گھر کہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا میں ترقی کو تیز کرنا میری ترجیحات میں سرفہرست رہا ہے۔