سی سی ڈی کے قیام اور سہیل ظفر چٹھہ کے دو عہدوں کے خلاف درخواست پر سماعت ملتوی

بدھ 15 اکتوبر 2025 15:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے قیام اور ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کے دو عہدوں کے خلاف درخواست وکیل کی جانب سے التوا ء کی استدعا پر نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔لاہور ہائیکوڑٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ایڈووکیٹ میاں شاہد محمود کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خواجہ محمد عباس پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے آغاز پرجسٹس شہرام سرور چوہدری نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا آپ اس پر کیا کہیں گے ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ یہ وہی کیس ہے جو چیف جسٹس ہائیکورٹ کی جانب سے دوبارہ یہاں منتقل ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ درخواست گزاروکیل نے اس کیس میں کنسیلمنٹ کی ہے اس لیے عدالت کو پہلے اس پہلو کا جائزہ لینا ہوگا۔جسٹس شہرام سرور چوہدری نے دریافت کیا درخواست گزار کہاں ہیں ۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خواجہ محسن عباس نے بتایا کہ درخواست گزار کی جانب سے التواء کی درخواست موصول ہوئی ہے۔عدالت نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد حکم دیا کہ کیس کو نومبر کی کسی مناسب تاریخ پر مقرر کیا جائے۔