انٹرمیڈیٹ پہلے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 43.46 فیصدرہا

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ پارٹ۔I کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔نتائج کے مطابق، امتحان میں کل 63,494 اُمیدواروں نے داخلہ جمع کرایا جن میں سے 62,020 اُمیدوار امتحان میں شریک ہوئے، ان میں سے 26,951 اُمیدوار کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا تناسب 43.46 فیصد رہا۔

امتحان میں شریک امیدواروں میں طلبا کی تعداد 23,372 اور طالبات کی تعداد 40,122 رہی، جو تعلیمی میدان میں طالبات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور فعال کردار کی عکاسی کرتی ہے۔اس حوالے سے بدھ کو ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان، کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان سمیت بورڈ کے دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان، سیکرٹری بورڈ،امجد اقبال خٹک اور تمام افسران و ملازمین کو امتحانات کے شفاف انعقاد اور بروقت نتائج کی اشاعت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، دیانت داری اور انتھک محنت کے ذریعے شفافیت اور میرٹ کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا ہے، جو دیگر تعلیمی اداروں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبا کی کامیابی ہی بورڈ کی اصل ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے لیے ادارہ جدید ٹیکنالوجی، شفاف نظام اور منظم امتحانی طریقہ کار کے ذریعے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

چیئرمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید بہتری، شفافیت اور ترقی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ بورڈ کی نیک نامی اور وقار تمام افسران و عملے کی اجتماعی محنت، لگن اور ادارے سے خلوصِ وابستگی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس اعتماد اور کارکردگی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یکسوئی، عزم اور پیشہ ورانہ دیانت داری کے ساتھ کام جاری رکھنا ہوگا تاکہ راولپنڈی بورڈ کو ملک کے صفِ اوّل کے بورڈ میں شامل رکھا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :