Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں سپر سیڈرز کی قرعہ اندازی کی تقریب

بدھ 15 اکتوبر 2025 16:13

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے کلین ایئر پروگرام کے تحت کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں سپر سیڈرز کی قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران، کسان نمائندگان اور علاقہ بھر کے کاشتکار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ پروگرام کے تحت موصول ہونے والی 310 درخواستوں میں سے تمام دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد146درخواستیں منظور ہوئیں، جن میں سے 38 خوش نصیب کاشتکاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار دیا گیا، جنہیں سپر سیڈرز 60 فیصد سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔

تقریب سے ڈائریکٹر ایگریکلچر انجینئرنگ ڈاکٹر حارث عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کلین ایئر پروگرام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور کاشتکاروں کو جدید، ماحول دوست زرعی مشینری کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپر سیڈرز کے استعمال سے نہ صرف فصلوں کی باقیات کو موثر انداز میں زمین میں ضم کیا جا سکتا ہے بلکہ دھوئیں کے اخراج اور فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آتی ہے۔

حکومت پنجاب کا یہ اقدام ماحولیاتی تحفظ اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کےلئے ایک اہم پیشرفت ہے۔ کاشتکاروں کو جدید مشینری کی فراہمی سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار میں بھی اضافہ ہوگا۔ تحصیلدار میاں امجد نے قرعہ اندازی میں کامیاب خوش نصیب کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سپر سیڈرکے ایک یونٹ پر 8 لاکھ 4 ہزار روپے سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

کاشتکار ضروری کارروائی کے بعد جلد اپنے ذمہ رقم فوری متعلقہ بینک /فرم کو جمع کرائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپر سیڈر ایک جدید زرعی مشین ہے جو دھان یا کپاس کی باقیات کو جلانے کے بجائے زمین میں ملاتی ہے، جس سے نامیاتی مادہ میں اضافہ، مٹی کی زرخیزی میں بہتری اور آئندہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔ یہ مشین ماحول دوست، توانائی موثر اور پائیدار زراعت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات