لاہور ہائیکورٹ،9مئی مقدمات میں شہریار سمیت دیگرکی اپیلوں پر سماعت، فریقین کے وکلا سے دلائل طلب

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے9مئی کے مقدمے میں سزا یافتہ مجرم شہریار سمیت51 مجرمان کی اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے 20 اکتوبر کو اسپیشل پراسیکیوٹر اور وکلا کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔مجرمان کی جانب سے ایڈووکیٹ آفتاب باجوہ سمیت دیگر وکلا پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ گوجرانوالہ انسدادِ دہشتگردی عدالت نے مختلف دفعات کے تحت مجرمان کو سزا سنائی جبکہ مرکزی ملزمان کو ملٹری کورٹس بھجوا دیا گیا تھا جہاں انہیں دو سال قید کی سزا سنائی گئی۔اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ مرکزی ملزمان سزا مکمل کر کے گھروں کو جا چکے ہیں تاہم انسدادِ دہشتگردی عدالت نے دیگر مجرمان کو پانچ سال قید کی سزا دی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے کیسز کیلئے حکومت نے پراسیکیوٹر مقرر کر دیئے ہیں،عدالت نے آئندہ سماعت پر پراسیکیوٹر کو دلائل کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔