صدر مملکت آصف علی زرداری سے رومانیہ کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر الیاس محمود نظامی کی ملاقات

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:51

صدر مملکت آصف علی زرداری سے رومانیہ  کے لئے  پاکستان کے نامزد سفیر الیاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) صدر مملکت آصف علی زرداری سے رومانیہ کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر الیاس محمود نظامی نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے الیاس محمود نظامی کو رومانیہ میں پاکستان کا سفیر نامزد ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال پاکستان اور رومانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری نے تجارت، سرمایہ کاری، ثقافت اور عوامی روابط میں تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ معاشی سفارت کاری کو ترجیح دیں تاکہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ صدر مملکت نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔صدر مملکت نے 2025ء کے تجارتی و اقتصادی تعاون کے معاہدے پر موثر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی ثقافت، فن اور ورثے کو اجاگر کرنے اور سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ رابطے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔