سونے کی قیمت کو پَر لگ گئے، آج پھر 5 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا

گزشتہ دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا، سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 40 ہزار 900 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 15 اکتوبر 2025 19:38

سونے کی قیمت کو پَر لگ گئے، آج پھر 5 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 15 اکتوبر 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 500 روپے کا اضافہ ہوا۔ آج ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 5 ہزار800 روپے مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر 4 لاکھ 40 ہزار900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 972 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

نئی قیمت 3 لاکھ 78  ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے ایک ماہ قبل 24 قیراط سونے کی قیمت تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔ لیکن پچھلے ایک ماہ میں سونے کے نرخوں میں 66 ہزار روپے سے زائد اضافہ دیکھا گیا۔ اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 58 ڈالر مہنگا ہوا جس کے بعد فی اونس کی قیمت 4 ہزار 198 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کے درمیان 7 ارب ڈالرز سے زائد کے قرض پروگرام کے دوسرے جائزے کے لیے اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا، ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کی جائے گی، حکام نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرادی۔آئی ایم ایف نے بدھ کو اعلان کیا کہ پاکستان کے ساتھ قرض پروگراموں پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔