وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت آبادی میں اضافے پر قابو پانے سے متعلق قائم کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد

بدھ 15 اکتوبر 2025 19:52

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت آبادی میں اضافے پر قابو پانے سے متعلق وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سائرہ افضل تارڑ اور معروف ماہر سماجیات زیبا ستار نے شرکت کی۔

پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں بے قابو اضافہ ایک قومی ایمرجنسی کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جس سے نمٹنے کے لیے ہمہ گیر اور مربوط ترقیاتی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی پر موثر کنٹرول کے لیے وفاق اور صوبوں کے مابین قریبی تعاون اور ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ آبادی میں اضافے کا تعلق صرف صحت کے شعبے سے نہیں بلکہ اس کے معاشی اور معاشرتی محرکات بھی ہیں جو تمام معاشی و سماجی اشاریوں پر براہ راست اثر ڈالتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ آبادی کی شرح کو وسیع تر قومی منصوبہ بندی کا حصہ بناتے ہوئے قابو میں لایا جائے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں آبادی کے تناسب کو بتدریج کم کیا جانا چاہیے تاکہ وسائل کی تقسیم کو آبادی میں کمی سے مشروط کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اڑان پاکستان کا وژن نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا کردار مزید موثر بنایا جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی سفارشات کو حتمی شکل دینے اور آئندہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے دس دن کے اندر دوبارہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔