سی پیک کے تحت گوادر کے طلبہ فنی و تکنیکی تعلیم حاصل کرنے چین پہنچ گئے

یہ طلبہ اب شین ڈونگ انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی میں اپنی فنی و تکنیکی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں گے

بدھ 15 اکتوبر 2025 22:00

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) سی پیک کے تحت تعلیمی تعاون کے ایک تاریخی سنگ میل کے طور پر یونیورسٹی آف گوادر کے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ (PCT&VI)کا پہلا بیچ کامیابی کے ساتھ چین پہنچ گیا، یہ طلبہ اب شین ڈونگ انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی (SICT)میں اپنی فنی و تکنیکی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

طلبہ اپنے تین سالہ ایسوسی ایٹ ڈپلومہ پروگرام کے بقیہ ڈیڑھ سالہ مرحلے کو چین میں مکمل کریں گے۔ یہ اقدام گوادر کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔یہ کامیابی یونیورسٹی آف گوادر ، گوادر پورٹ اتھارٹی ، چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ (COPHCL)اور شین ڈونگ انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی کے درمیان 2023میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)کا نتیجہ ہے ۔

(جاری ہے)

یہ شراکت داری سی پیک کے تحت تعلیم، ہنر اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے دور کی عکاس ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ تمام طلبہ کے اخراجات بشمول ٹیوشن فیس، رہائش اور سفری اخراجات یونیورسٹی آف گوادر ، گوادر پورٹ اتھارٹی ، چائنا اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے برداشت کیے جا رہے ہیں۔اس کامیاب منصوبے کا سہرا ان رہنماں کے وژن اور عزم کو جاتا ہے جنہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔

سابق چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی جناب پسند خان بلیدی نے PCT&VIکے قیام کی بنیاد رکھی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تعلیمی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔موجودہ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے فنی تعلیم کے فروغ میں مسلسل تعاون فراہم کیا، جبکہ COPHCLاور SICTکی قیادت نے اس منصوبے کے لیے تعلیمی و مالی معاونت فراہم کی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر PCT&VIپروفیسر ڈاکٹر منظور احمد نے اپنی انتھک محنت، رہنمائی اور انتظامی صلاحیتوں کے ذریعے اس منصوبے کو کامیابی تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔یہ پیش رفت گوادر کے لیے فخر کا لمحہ ہے جو مقامی نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر فنی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ایک روشن اور باصلاحیت مستقبل کی بنیاد رکھتی ہے۔