خوراک تک آسان رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے،سپیکر قومی اسمبلی کا عالمی یوم خوراک پر پیغام

جمعرات 16 اکتوبر 2025 12:00

خوراک تک آسان رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے،سپیکر قومی اسمبلی    کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خوراک تک آسان رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، زرعی خود انحصاری ہی مضبوط معیشت کی بنیاد ہے،غذائی قلت دور کرنے کے لئے عوام ، حکومت اور پارلیمنٹ کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا ۔16 اکتوبر عالمی یوم خوراک کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خوراک کا اس سال کا موضوع “بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ‘‘ ایک اچھا پیغام ہے،خوراک کی کمی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں،پائیدار زرعی پالیسیوں کے بغیر غذائی خودکفالت ممکن نہیں،غذائی قلت کے خاتمے کے لیے حکومت، پارلیمان اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غذائی خودانحصاری ہی مضبوط معیشت کی بنیاد ہے،کسانوں کو زراعت کے جدید طریقے اپنانے کی ترغیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی وسائل کے موثر استعمال سے غربت اور بھوک میں کمی لائی جا سکتی ہے،غذائی اجناس کی پیداوار میں اضافے کے لیے کسانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے،خوراک کی قلت پر قابو پانے کے لیے اشیائے خوردونوش کے ضیاع کی روک تھام ضروری ہے ۔

موسمیاتی تبدیلیاں زرعی پیداوار پر اثرانداز ہو رہی ہیں، ان کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں،حکومت موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشتکاری کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے،آبپاشی کے جدید طریقوں کو بروئے کار لا کر بنجر زمینوں کو آباد کیا جائے،پارلیمان غذائی تحفظ سے متعلق قانون سازی کے لیے پرعزم ہے۔