شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکان میں دو روزہ رعایتی کتابی میلے کا انعقاد

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:01

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس ایم بی بی ایم یو) لاڑکانہ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کی خصوصی ہدایات پر یونیورسٹی کے لائبریری ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دو روزہ رعایتی کتابی میلہ منعقد کیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر نے ربن کاٹ کر کیا۔تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی کے لائبریری ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں منعقدہ دو روزہ رعایتی کتابی میلے میں دس مختلف پبلشرز نے اپنے اسٹالز لگائے۔

میلے میں ایک لاکھ سے زائد کتابیں نمائش کے لیے پیش کی گئیں جن میں میڈیکل سائنسز، ادب، مذہب اور فلسفہ سمیت مختلف موضوعات پر کتابیں شامل تھیں۔ طلبہ، اساتذہ اور افسران کی بڑی تعداد نے میلے میں شرکت کی اور ہزاروں کتابیں خریدیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاجیسے جیسے دنیا ڈیجیٹل ہو رہی ہے، مطالعہ کتب کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے، لیکن مجھے بے حد خوشی ہے کہ ہمارے طلبہ نے بڑی تعداد میں کتابیں خریدی ہیں، یہ منظر میرے لیے امید کی نئی کرن ہے،ہماری یونیورسٹی کا مقصد صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ طلبہ میں پڑھنے، لکھنے اور علم سے محبت پیدا کرنا ہے اور آج کا یہ کتابی میلہ اسی وژن کا مظہر ہے۔

چیف لائبریرین ممتاز علی برڑو نے کہاکہ یہ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا دور ہے۔ ایک طرف ہم جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل لائبریری قائم کر رہے ہیں، لیکن کتاب پڑھنے کا اپنا ایک الگ ذوق اور رومان ہے جو کبھی ختم نہیں ہونا چاہیے، اس احساس کو زندہ رکھنے کے لیے ہی یہ میلہ منعقد کیا گیا ہے۔میلے میں شریک طلبہ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتابی میلے ہمارے لیے فکر و علم کے نئے دروازے کھولتے ہیں،ہمیں امید ہے کہ ایسے میلوں کا انعقاد ہر سال جاری رہے گا۔

تقریب میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد حنیف شیخ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر یوسف شاہ، ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہدہ مگسی، رجسٹرار پروفیسر فہد جبران سیال، ڈائریکٹر اکیڈمکس پروفیسر شاہد سومرو، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر میر حسن کھوسو، پرنسپل نرسنگ کالج غلام عباس پنہور، ڈائریکٹر فزیوتھراپی ڈاکٹر مکیش، اور ڈائریکٹر فارمیسی پروفیسر وسیم عباس سمیت بڑی تعداد میں فیکلٹی ممبرز، افسران اور طلبہ نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر شرکاءنے گرین یوتھ موومنٹ کے تحت منعقدہ شجر کاری مہم میں بھی حصہ لیا، جہاں وائس چانسلر سمیت تمام ڈینز اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے پودے لگا کر ماحول دوست سرگرمی کا آغاز کیا۔