ٹیلی نار پاکستان نے ’بیسٹ پلیس ٹو ورک ایوارڈز 2025‘ میں تین بڑے اعزاز اپنے نام کر لئے

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) ٹیلی نار پاکستان نے بیسٹ پلیس ٹو ورک پاکستان ایوارڈز 2025 میں تین اہم اعزازات اپنے نام کر لئے۔ یہ ایوارڈز انگیج کنسلٹنگ اور پاکستان سوسائٹی آف ہیومن ریسورس مینجمنٹ(پی ایس ایچ آر ایم ) کے اشتراک سے منعقد کئے گئے۔کمپنی نے ٹیلی کام سیکٹر میں بیسٹ ان انڈسٹری ایوارڈ 2025، بڑی کمپنیوں کے زمرے میں بیسٹ پلیس ٹو ورک ایوارڈ 2025، اور سب سے اہم اعزاز بیسٹ آف دی بیسٹ کمپنی 2025 ایوارڈ حاصل کیا۔

جمعرات کو جاری بیان کے مطابق بیسٹ پلیس ٹو ورک پاکستان سٹڈی اینڈ ایوارڈز ملک کا سب سے بڑا ایچ آر پلیٹ فارم ہے جو اُن اداروں کو سراہتا ہے جو ملازمین کی شمولیت، شفاف کلچر اور بامقصد قیادت کے ذریعے مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سال 260 سے زائد کمپنیوں نے نامزدگیاں جمع کرائیں جبکہ 155 سے زیادہ ادارے ملک بھر سے اس عمل میں شامل ہوئے جو 2008 میں آغاز کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ٹیلی نار پاکستان نے ہمیشہ اپنے ملازمین کی فلاح، تنوع اور پائیداری پر توجہ دی ہے جو اسے کارپوریٹ سیکٹر میں نمایاں بناتی ہے۔ کمپنی کا جامع ثقافتی ماحول، لچکدار کام کی پالیسی اور خواتین و معذور افراد کو بااختیار بنانے کے اقدامات نے اسے ایک مضبوط ایمپلائر برانڈ کے طور پر متعارف کرایا ہے۔ٹیلی نار پاکستان ماحولیاتی اور سماجی سطح پر بھی مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

2024 تک کمپنی نے قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری اور اپنے اے آئی پر مبنی اینرجی پلیٹ فارم تھنڈر کے ذریعے کاربن اخراج میں 23 فیصد کمی حاصل کی۔ اس ٹیکنالوجی نے 12 گیگا واٹ گھنٹے سے زائد توانائی بچائی اور 70 کلوٹن کاربن فوٹ پرنٹ کم کیا۔ٹیلی نار پاکستان کی چیف پیپل آفیسر عریج خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایوارڈز اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب کسی ادارے میں انسان اولین ترجیح ہوتا ہے تو وہ جدت، ترقی اور پائیدار کامیابی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے، ٹیلی نار پاکستان میں ہم ایک ایسا ماحول بنا رہے ہیں جہاں ہر فرد سیکھنے، آگے بڑھنے اور مثبت تبدیلی لانے کے لئے بااختیار ہے۔

ٹیلی نار پاکستان ماضی میں بھی پی ایس ایچ آر ایم کے ایوارڈز جیت چکا ہے۔ 2019 میں کمپنی نے لگاتار چوتھی بار بیسٹ پلیس ٹو ورک ان ٹیلی کام ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ سال 2025 کا یہ اعزاز ٹیلی نار پاکستان کی حیثیت کو ایک ممتاز اور پسندیدہ آجر کے طور پر مزید مضبوط بناتا ہے۔