ڈپٹی کمشنر سرگودہا کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کے جائزہ بارے اجلاس ،مقررہ ہدف کا 97 فیصد حاصل

جمعہ 17 اکتوبر 2025 12:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت قومی انسداد پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ بارے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مہم کی مجموعی کارکردگی اور حاصل کردہ اہداف کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم 13 تا 16 اکتوبر تک جاری رہی ،اس دوران ضلع بھر میں 6 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جو مقررہ 7 لاکھ 9 ہزار کے ہدف کا تقریباً 97 فیصد ہے۔

ضلع کی تمام تحصیلوں نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف کے قریب ترین نتائج حاصل کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں، محکمہ صحت و دیگر اداروں کے افسران، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سائرہ صفدر، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل، سی ای او ایجوکیشن کلثوم شاہ سول سوسائٹی، این جی اوز اور رضاکاروں کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیموں کی دن رات محنت،والدین اور شہریوں کے تعاون سےسرگودہا میں مہم کامیاب رہی اور تمام چار یو سیز کے سروے کے نتائج بھی شاندار رہے۔

ڈپٹی کمشنر نے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان و استاتذہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مہم کے دوران سکولوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں تعاون کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسی جذبے کے ساتھ آئندہ بھی کام جاری رکھا جائے گا تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :