کینیڈا ،بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کیفے پر ایک بار پھر مسلح افراد کی فائرنگ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:37

سرے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں واقع کیف پر ایک بار پھر فائرنگ کی گئی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسلح افراد نے ایک بار پھر بھارتی کامیڈین اور میزبان کپل شرما کے کینیڈا میں کیفے کو نشانہ بنایا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما کا کیپس کیفے برٹش کولمبیا، کینیڈا کے شہر سرے میں واقع ہے جہاں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے، لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ایک گینگسٹر نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے کیفے پر اندھا دھند فائرنگ کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم کیفے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی کینیڈا کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بشنوئی گینگ نے کہا ہے کہ ہم کلدیپ سدھو اور گولڈی ڈھلوں، کیپس کیفے پر ہونے والی فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عام عوام سے کوئی دشمنی نہیں،ہمارا ان لوگوں سے جھگڑا ہے جو غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں اور دوسروں کا پیسہ نہیں دیتے۔اس سے قبل 10جولائی اور7 اگست کو بھی کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کے واقعات ہو چکے ہیں جن کی ذمہ داری لارنس بشنوئی نے قبول کی تھی۔