اگر پاکستان اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا رہا تو ہماری ٹیم ٹاپ تھری میں ہوگی، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا دعویٰ

انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا یا کوئی بھی ٹیم آئے یہ آپ کی کنڈیشن ہے : خرم منظور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 اکتوبر 2025 14:10

اگر پاکستان اسی طرح ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا رہا تو ہماری ٹیم ٹاپ تھری میں ہوگی، ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اکتوبر 2025ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ٹیسٹ میں اسی طرح کی کرکٹ کھیلتا رہا تو ہماری ٹیم ٹاپ تھری میں ہوگی۔ 
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے سپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹر خرم منظور کا کہنا تھا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا، سری لنکا یا کوئی بھی ٹیم آئے یہ آپ کی کنڈیشن ہے، اگر یہی کنڈیشن ہوئی اور پاکستان نے اسی طرح کی کرکٹ کھیلی تو کوئی شک نہیں کہ مجھے پاکستان ٹاپ تھری میں نظر آرہا ہے۔

(جاری ہے)

 
خرم منظور نے کہا کہ پاکستان نے ورلڈ نمبر ون ٹیم کو شکست دی، پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیل کر انھیں ہرایا اور ہمارے لڑکوں نے جو تیاری کی وہ دکھی۔ 
انھوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ اس چیز کی خوشی ہورہی ہے کہ پہلی دفعہ کوئی جیت کے لیے سوچ رہا ہے کہ ہم جیتیں گے کیسے، ہم اس طرح کی پچ بنائیں گے تو رزلٹ ہمارے حق میں آئے گا، یہ اسٹیپ پہلے لینا چاہیے تھا۔ 
پاکستانی بیٹر نے کہا کہ آپ نویں نمبر پر ہیں اور آپ نے ورلڈ نمبر ون کو ہرایا ہے یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور سب سے اچھی چیز یہ ہے پاکستان صرف ایک میچ جیتنے سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔