ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی ملاقات، عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے ملاقات کی اورعمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹر سلیم مانڈی والا، سینیٹر ہدایت اللہ خان، سینیٹر ناصر بٹ، سینیٹر دنیش کمار، ممبر صوبائی اسمبلی، وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مختلف رہنمائوں اور معزز شخصیات نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ایوان بالا ملک میں ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے موثر قانون سازی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹ وہ ایوان ہے جہاں ملک کے تمام صوبوں کی یکساں نمائندگی موجود ہے جس کی بدولت ہر علاقے کے مسائل بھرپور انداز میں اجاگر کیے جاتے ہیں اور ان کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کی جاتی ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اراکین سینیٹ کا کردار ملکی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے جو نہ صرف اپنے حلقوں کے مسائل ایوان میں اٹھاتے ہیں بلکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے ذریعہ وفاقی اداروں کی کارکردگی، بجٹ اور عوامی فلاح سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کمیٹیوں کی سفارشات ملکی نظام کی بہتری اور گورننس کے معیار کو بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

سیدال خان نے زور دیا کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال ملک ہے جسے اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام طبقات ملک کی ترقی، عوامی فلاح اور قومی یکجہتی کے لیے مل کر کام کریں۔

ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا سے متعلق مختلف امور پر اراکین سینیٹ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا اور قانون سازی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پر بات چیت ہوئی۔سیدال خان نے کہا کہ سینیٹ قومی یکجہتی کی علامت ہے اور اس کا بنیادی مقصد تمام صوبوں کے مفادات کا تحفظ اور ملکی ترقی میں ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوان بالا اپنی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پہلے سے زیادہ فعال اور عوام دوست کردار ادا کرتا رہے گا۔