وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں دی کرنسی ایکسچینج فنڈ کے وفد سے ملاقات

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کوواشنگٹن ڈی سی میں دی کرنسی ایکسچینج فنڈ (ٹی سی ایکس) کے وفد سے ملاقات کی۔ملاقات میں ٹی سی ایکس کی قیادت ادارے کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر اور ڈپٹی سی ای او عثمان بوقرامی نے کی۔ ملاقات میں مقامی کرنسی میں قرض کی فراہمی اور قرض مینجمنٹ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ کو ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں فنانسنگ سہولت کے حوالے سے ٹی سی ایکس کے آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر خزانہ نے ٹی سی ایکس کے ساتھ شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ ٹی سی ایکس کے ساتھ شراکت سے پاکستان میں مقامی کرنسی پر مبنی قرضوں کے تحفظ کو مزید مضبوطی ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی اندرونی اور بیرونی قرضہ جاتی ذمہ داریوں کی مدت میں توسیع کا خواہاں ہے اوراس کا مقصد ری فنانسنگ اور شرح سود کے خطرات کو کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی کے لیے پانڈا بانڈز، یوروبانڈز اور بین الاقوامی سکوک کے اجراء پر کام کر رہا ہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ٹی سی ایکس کی جانب سے وزارت خزانہ کو جمع کرائی گئی تجاویز پر تفصیلی فالو اپ کیا جائے گا اور مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔