نوجوانوں میں کھیلوں کو فروغ دینا صحت مند معاشرے کیلئے ضروری ہے۔ ریاض پیرزادہ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض پیرزادہ نے کہاہے کہ نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا صحت مند معاشرے کے لئے ضروری ہے،کھیل معاشرے میں برداشت ،رواداری،صبر اور نظم و ضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں اجاگر کرتے ہیں،نوجوانوں میں کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے بھی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک نجی کالج میں بطور مہمان خصوصی سپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض پیرزادہ نے کہا حکومت نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے بہت سے اقدامات کئے ہیں ،جس کا مقصد پاکستان میں نوجوان نسل میں کھیلوں کے شوق کو اجاگر کرنا اور ملک میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارے ملک پاکستان کا چھپا ہوا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے تعلیمی سہولیات کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مزکورہ نجی کالج میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام جبکہ خیرپور ٹامیوالی اور حاصل پور سے تعلق رکھنے والے غریب طلباء کے لیے کوٹہ مختص کر نے پر کالج انتطامیہ کے اقدامات کو سراہا۔ریاض پیرزادہ نے کہا کہ ماضی میں جب وزیر کھیل تھا تو پاکستان نے37 تمغے جیتے جو ملکی تاریخ میں ایک قابل ذکر کارنامہ ثابت ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود اپنے اسکول کیرئیر کے دوران کھیلوں کے چیمپئن رہے۔تقریب میں کالج کے فیکلٹی ممبران، طلباء اور مقامی معززین سمیت ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر، ایس ایس پی آپریشن بہاولپور ملک حسن رضا خاکی، ڈی جی صحت ڈاکٹر علی مہدی، سی او ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزڈاکٹر علی عمران، ڈاکٹر نثار الرحمان، ڈین رائل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزروشن گردیزی، سید رضا گردازی، سید عابد امام اور ممبر صوبائی اسمبلی قاسم لانگاہ نے شرکت کی۔