قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں ایم ایس لسانیات و ادبیات کے طلبہ کیلئے تعارفی سیشن کا انعقاد

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 22:27

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) قراقرم گریجویٹ سکول کے ایم ایس شعبہ لسانیات و ادبیات کے طلبہ کے لیے ایک تعارفی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں نئے داخلہ لینے والے طلبہ کو معیاری تعلیم اور تحقیق کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔ سیشن میں وائس چانسلرکے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلبہ کو جامعہ کے وژن کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔

شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق سیشن میں ڈائریکٹر قراقرم گریجویٹ سکول ڈاکٹر اسد اللہ، فیکلٹی ممبران اور ایم ایس لسانیات و ادبیات میں داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ قراقرم پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اپنے طلبہ کو معیاری تعلیم و تحقیق کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے لہٰذا طلبہ جامعہ کے وژن کے مطابق بہترین تعلیم کے حصول پر توجہ مرکوز کریں اور معاشرے کے لیے مفید بنیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرنی چاہیے بلکہ دوسروں کے لیے بہترین مثال بھی قائم کرنی چاہیے۔سیشن سے میں ڈائریکٹر قراقرم گریجویٹ سکول ڈاکٹر اسد اللہ نے سمسٹر رولز اور ریسرچ میتھاڈالوجی کے حوالے سے طلبہ کو تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شمیم آراء شمس نے نئے داخلہ لینے والے ایم ایس طلبہ کو شعبے کی جانب سے خوش آمدید کہا اور انہیں شعبہ لسانیات و ادبیات کی اہمیت اور مواقع سے روشناس کرایا۔واضح رہے کہ یہ سیشن ایم ایس لسانیات و ادبیات پروگرام کی کامیابی کی علامت ہے جو علاقائی زبانوں اور ادبیات کی تحقیق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :