وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی پندھرویں وی-20 وزارتی اجلاس میں شرکت

اتوار 19 اکتوبر 2025 01:20

واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں منعقدہ پندھرویں وی-20 وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جس میں "سرمائے کی لاگت، قرض اور ترقی کے راستے" کے موضوع پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اپنے خطاب میں وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں سیلابوں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تسلسل کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اپنے وسائل سے سیلاب سے متعلق بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کے اخراجات پورے کرے گی، تاہم عالمی برادری کو بھی انصاف پر مبنی اشتراک کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی اثرات سے بہتر طور پر نمٹ سکیں۔وزیرِ خزانہ نے سی وی ایف-وی 20 سیکریٹریٹ کی جانب سے پاکستان کے کلائمیٹ پراسپرٹی پلان کی تیاری میں فراہم کردہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت فنڈنگ دستیاب ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فوری طور پر فعال کرنے پر زور دیا اور گرین کلائمیٹ فنڈ میں فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔