چین نے امریکا پر قومی ٹائم سینٹر میں سائبر حملوں کا الزام عائد کر دیا

اتوار 19 اکتوبر 2025 10:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) چین نے امریکا پر قومی ٹائم سینٹر میں سائبر حملوں کا الزام عائد کر دیا۔رائٹرز کے مطابق چین نے امریکا پر الزام لگایا ہے کہ اس نے قومی ٹائم سروس سینٹر کے نظام میں چوری اور دراندازی کی ہے، جس سے مواصلاتی نیٹ ورکس، مالی نظام، بجلی کی فراہمی اور بین الاقوامی معیاری وقت پر سنجیدہ اثرات پڑ سکتے تھے۔

چین کی وزارتِ اسٹیٹ سیکیورٹی نے اتوار کو اپنے وی چیٹ اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے طویل عرصے سے اس مرکز پر سائبر حملے کی کارروائیاں کی ہیں۔وزارت نے کہا کہ انہیں 2022 سے لے کر اب تک چوری شدہ ڈیٹا اور اسناد کے ثبوت ملے ہیں جنہیں مرکز کے عملے کے موبائل ڈیوائسز اور نیٹ ورک سسٹمز کی جاسوسی کے لیے استعمال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی نے 2022 میں ایک غیر ملکی اسمارٹ فون برانڈ کے میسجنگ سروس میں ایک خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عملے کے آلات تک رسائی حاصل کی، تاہم وزارت نے اس برانڈ کا نام ظاہر نہیں کیا۔قومی ٹائم سینٹر، چینی اکیڈمی آف سائنسز کے تحت ایک تحقیقی ادارہ ہے جو چین کا معیاری وقت تیار، برقرار اور نشر کرتا ہے۔مزید تحقیقات میں وزارت نے پایا کہ امریکہ نے 2023 اور 2024 میں سینٹر کے اندرونی نیٹ ورک سسٹمز پر حملے کیے اور ہائی پریسیجن گراؤنڈ بیسڈ ٹائمنگ سسٹم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

امریکی سفارت خانے نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔چین اور امریکا گزشتہ چند سالوں میں ایک دوسرے پر سائبر حملوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو اہم ترین سائبر خطرہ قرار دیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :