ضلع پولیس سانگھڑ کا دیوالی کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی پلان جاری

اتوار 19 اکتوبر 2025 16:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ضلع سانگھڑ میں روشنیوں کا تہوار دیوالی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ ہندو کمیونٹی کے مذہبی تہوار کے موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی گڈانی بلوچ نے ضلع بھر کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ضلع کے 30 مندروں اور دیگر عبادت گاہوں سمیت رہائشی کالونیوں میں پولیس کے مرد و خاتون اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

مجموعی طور پر 101 میل اور فی میل اسٹاف سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔ سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر 44 اہلکاروں پر مشتمل چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ موٹرسائیکل اور موبائل پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

تہوار کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی خصوصی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔

ہنگامی حالات کے پیش نظر ایک ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جبکہ میڈیکل ایڈ یونٹس اور فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی تیار حالت میں رکھی گئی ہیں۔ امن و امان کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اسپیشل برانچ کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی عابد علی گڈانی بلوچ نے تمام افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ سیکیورٹی انتظامات کی مؤثر نگرانی کریں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو مکمل بریفنگ فراہم کریں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات کا مقصد ہندو برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں ادا کر سکیں۔