فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی گڑھی دوپٹہ بازار میں کارروائی، زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروخت پر بیکری سیل

اتوار 19 اکتوبر 2025 16:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2025ء) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی گڑھی دوپٹہ بازار میں کارروائی، زائد المیعاد اشیائے خوردونوش کی فروخت پر بیکری سیل، شہری شکایت پر بروقت ایکشن، جوس پیک غیر معیاری ثابت۔ تفصیلات کے مطابق ایک شہری کی شکایت پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری، فوڈ ٹیکنالوجسٹ اور اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر کو گڑھی دوپٹہ بازار روانہ کیا۔

شہری نے اطلاع دی تھی کہ مقامی دکاندار سے خریدا گیا جوس پیک بچوں کے پینے کے بعد طبیعت کی خرابی اور الٹی کا باعث بنا۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا تو مذکورہ جوس پیک، جو بطور ثبوت تھانے میں جمع کروایا گیا تھا، کو ٹیسٹ کے لیے چیک کیا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جوس کا برِکس لیول معمول سے کم، بدبو دار اور کوالٹی پیرامیٹرز پر غیر معیاری پایا گیا۔

تاہم اسی برانڈ اور بیچ کے دیگر جوس پیکس جو دکان اور ڈسٹری بیوٹر کے پاس موجود تھے، موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے موقع پر چیک کیے گئے جن کے برِکس لیول درست، بدبو سے پاک اور معیار کے مطابق پائے گئے۔ معائنے کے دوران فوڈ اتھارٹی ٹیم کو بیکری میں زائد المیعاد مصنوعات بھی فروخت کے لیے رکھی ہوئی ملیں جس پر بیکری کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔

ٹیم نے دکانداروں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ فوڈ اتھارٹی کے طے شدہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں ورنہ مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ابرار احمد میر نے اس کارروائی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات سرگرم ہے، کسی بھی دکاندار کو ناقص یا زائد المیعاد خوراک فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری مشکوک یا غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایات فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروائیں، فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :