جنرل ہسپتال کی نرس صائمہ فتح گریڈ 18 میں نرسنگ سپرنٹنڈنٹ تعینات

اتوار 19 اکتوبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) جنرل ہسپتال کی نرس صائمہ فتح کو گریڈ 18 میں نرسنگ سپریٹنڈنٹ تعینات کر دیا گیا۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ترقی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان کے ذریعے حاصل کی۔ صائمہ فتح نے نو سال قبل بطور سٹاف نرس اسی ہسپتال میں اپنی سروس کا آغاز کیا تھا۔چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین سے ملاقات کی۔

پرنسپل نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ نرسنگ اسٹاف کی حاضری، نظم و ضبط اور مریضوں کی نگہداشت میں بہتری کو یقینی بنایا جائے۔ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ہیلتھ ویژن کے مطابق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ترجیحی ہدف ہے، جس میں نرسنگ سروسز کا کردار کلیدی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اعلی تعلیم اور مسلسل تربیت ہی کامیابی کی کنجی ہیں۔

صائمہ فتح نے یقین دہانی کرائی کہ وہ نرسنگ نظم و نسق اور سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اپنی قائدانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتی ہیں اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے تمام نرسنگ اسٹاف کو ساتھ لے کر چلیں گی۔واضح رہے کہ صائمہ فتح نے پنجاب نرسنگ بورڈ کے امتحانات میں مڈوائفری میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے نمایاں تعلیمی کامیابی حاصل کی تھی۔