ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا خصوصی اجلاس

اتوار 19 اکتوبر 2025 20:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ، ملک ذاکر اعوان ، مفتی کفایت اللہ شاکر ، حافظ نیاز احمد الازہری، حافظ شیخ عابد، پہر ظہور واصف، حافظ مصدق قاسمی، ایوب اوپل اور حافظ اقبال گھمن سمیت تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے احتجاج کے نام پر فتنہ و فساد، نفرت انگیزی اور تشدد پھیلانے والوں کے خلاف آہنی گھیرائو مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کا ہدف کسی عقیدے یا جماعت کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ اُن عناصر کے خلاف کارروائی ہے جو معاشرتی امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں قیامِ امن، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے علماء کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ مساجد کے منبر، مدارس اور مذہبی اجتماعات کو امن، برداشت اور یکجہتی کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔اجلاس میں علماء کرام نے ضلع سیالکوٹ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت پنجاب کے فیصلوں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ وہ معاشرتی ہم آہنگی اور اتحاد کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تمام مکاتبِ فکر کے نمائندگان ایک صفحے پر ہیں۔