مری ڈویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام زرعی ماحولیاتی اداروں کے موضوع پر سیمینار

پیر 20 اکتوبر 2025 14:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) مری ڈویلپمنٹ فورم کے زیر اہتمام مری انکیوبیشن سینٹر میں زرعی ماحولیاتی اداروں کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا جس میں زراعت کے ماہرین، طلبا، کاشتکاروں اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیمینار کا مقصد زرعی ماحولیاتی نظام میں پائیدار ترقی، جدید رجحانات، مواقع اور درپیش چیلنجز پر جامع تبادلہ خیال کرنا تھا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مری، ڈاکٹر محمد احمد نے شرکاء کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں زراعت کے فروغ سے متعلق حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم، باڑ لگانے کی سہولت اور ایگری گریجویٹس انٹرن شپ 2025-26 جیسے متعدد منصوبے شروع کر چکی ہے جن سے کسان براہ راست مستفید ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد احمد نے کہا کہ حکومت پنجاب زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار میں اضافہ لانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال کسان مضبوط معیشت کی ضمانت ہے اور زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے زراعت کے پائیدار مستقبل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔