ضلع چنیوٹ میں ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مربوط انداز میں اقدامات کئے جا ئیں، ڈپٹی کمشنر

پیر 20 اکتوبر 2025 17:04

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) ضلع میں ممکنہ سموگ کے خطرات سے نمٹنے کے لئے مربوط انداز میں اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں متعلقہ محکمے احتیاطی وحفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کے سلسلے میں متحرک رہیں تاکہ ممکنہ سموگ کی صورتحال سے احسن انداز میں نمٹا جاسکے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل نے ڈسٹرکٹ اینٹی سموگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز،ماحولیات،ٹرانسپورٹ،ٹریفک پولیس،انڈسڑیز سمیت دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں،کوڑا کرکٹ،پلاسٹک اور فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پرعائد پابندی پر عملدرآمد کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اور سیکرٹری آرٹی اے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مہم تیز کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں سمیت اہم شاہرات اور عوامی مقامات پر دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق بینرز بھی آویزاں ہونے چاہیں۔انہوں نے محکمہ زراعت سے کہا کہ وہ کسانوں کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کے بارے میں آگاہی مہم جاری رکھیں تاکہ خلاف ورزی نہ ہونے پائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کوئی بھٹہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیرنہ چلنے پائے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں میں سموگ کی روک تھام کے لئے آگاہی لیکچرز کا اہتمام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے شجرکاری مہم کو تیز کرکے مطلوبہ اہداف جلد حاصل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے فیکٹریوں وکارخانوں کے بوائلر سے اٹھنے والے دھواں کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سموگ کے مضر صحت اثرات کے دوران احتیاطی تدابیراختیار کرنے کے بارے میں آگاہی کے لئے بھی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے سموگ پر قابو پانے کے لئے اپنی ذمہ داری کو احسن انداز میں انجام دیں اس سلسلے میں ان کی کارروائیوں کے نتائج نظر آنے چاہیے۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے انسداد سموگ اقدامات پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی سطح پر اقدامات جاری ہیں۔\378