راولپنڈی میں عالمی یومِ پولیو کے موقع پر خدمات کے اعتراف میں تقریب ، ہیلتھ ورکرز قوم کا فخر قرار

منگل 21 اکتوبر 2025 00:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) عالمی یومِ پولیو کے موقع پر پنجاب انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں انسدادِ پولیو مہم کے صفِ اول کے ہیلتھ ورکرز کو اُن کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، یونیسف، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور دیگر پارٹنر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عُظمی کاردار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ“عالمی یومِ پولیو ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اگرچہ ہم نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں مگر ابھی کچھ چیلنجز باقی ہیں۔ ان چیلنجز پر قابو صرف اتحاد، اعتماد اور مسلسل محنت سے پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز کی محنت اور عزم ہی ایک صحت مند اور پولیو فری پاکستان کے خواب کو حقیقت بنائے گا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز سے لے کر انتظامی ٹیموں تک، سب نے نظم و ضبط، محنت اور جذبے سے کام کیا ہے۔ عوامی تعاون اور ٹیم ورک ہی راولپنڈی کو پولیو کے خاتمے میں ایک مثالی ضلع بنائے گا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر محمد جواد نے اپنے خطاب میں فرنٹ لائن ورکرز کو پروگرام کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ورکرز کی لگن اور خدمت کے جذبے کی بدولت ہی ہم ہر بچے تک پولیو ویکسین کے قطرے پہنچانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ عالمی یومِ پولیو کے موقع پر ہمیں یہ عزم دہرانا ہے کہ ہم پولیو کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کریں گے۔تقریب میں شریک رکن قومی اسمبلی محترمہ طاہرہ اورنگزیب نے خواتین ہیلتھ ورکرز کے کردار کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈی ہیلتھ ورکرز قوم کا فخر ہیں۔ وہ مشکلات اور ناموافق حالات کے باوجود گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتی ہیں۔ کمیونٹی کا ان پر اعتماد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے ورکرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم کے اراکین میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر شرکاء نے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور حکومتِ پنجاب و بین الاقوامی اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔