چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ، دفاعی و سکیورٹی تعاون کے فروغ پر زور

پیر 27 اکتوبر 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا جو بنگلہ دیش کے سرکاری دورے پر ہیں، نے چیف ایڈوائزر محمد یونس، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد نذمول حسن، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کامرول حسن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کی قیادت نے بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی سلامتی کے ماحول اور دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی قدردانی کرتے ہوئے ان روابط کو باہمی احترام، مساوات اور اعتماد کی بنیاد پر مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں جانب نے دفاعی اور عسکری سطح پر تعاون بڑھانے، مشترکہ تربیتی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سلہٹ میں سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی اور طلباء سے ملاقات کی۔بنگلہ دیش کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔دورے کے آغاز پر سناکونجو پہنچنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نے "شکھا انیربان" پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔