ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری

پیر 3 نومبر 2025 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2025ء) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں، برفباری اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں 4نومبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 5نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جو بارشوں، تیز ہوائوں اور بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ برفباری کا سبب بنے گا۔

(جاری ہے)

4سے 5نومبر کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش متوقع ہے جبکہ صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ، کشمیر اور مظفرآباد میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سرگودھا میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے، خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ناروال اور لاہور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور اسموگ و دھند میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔