محکمہ زراعت کاسورج مکھی کی موسم بہار کی کاشت کے شیڈول اور بمپر کراپ کی حامل منظور شدہ اقسام کا اعلا ن

جمعرات 20 نومبر 2025 14:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2025ء) محکمہ زراعت نے سورج مکھی کی موسم بہار کی کاشت کے شیڈول اور بمپر کراپ کی حامل منظور شدہ اقسام کا اعلا ن کردیا ہے ۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ بہاولپور، رحیم یارخان،خانیوال، ملتان،وہاڑی،بہاولنگر میں سورج مکھی کی کاشت یکم جنوری سے 31جنوری تک، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، لیہ، لودھراں، راجن پور، بھکر میں 10جنوری سے 10فروری تک، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، ساہیوال اوراوکاڑہ کے اضلاع میں 15جنور ی سے15 فروری تک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور،منڈی بہاؤالدین، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، نارووال میں یکم فروری سے 28فروری تک، اٹک، راولپنڈی، گجرات، چکوال میں یکم فروری سے 25 فروری تک کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سورج مکھی کی بہترین پیداوار کیلئے منظور شدہ اقسام ہائی سن 33، ہائی سن 39، اگورہ 4، این کے 278، ڈی کے 4040، 64A93، ایف ایچ 331 وغیرہ کی کاشت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔علاوہ ازیں محکمہ زراعت نے زراعت افسران کو سورج مکھی کی کاشت کے فروغ کے حوالے سے کاشتکاروں کی بھر پور رہنمائی کی ہدائت کی ہے اور بتایاہے کہ پاکستان ہر سال 350ارب کا خوردنی تیل درآمد کرتا ہے جو کہ ملکی معیشت پرایک بوجھ ہے حالانکہ ہمارے ملک کی آب وہوا تیلدا اجناس کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے اور ہم تیلدار اجناس کی کاشت کو فروغ دے کر اپنا قیمتی زرمبادلہ بچا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کا شمار اہم خوردنی تیلدار اجناس میں ہوتا ہے جبکہ سورج مکھی کی فصل خوردنی تیل کی ملکی پیداوار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جس سے کاشتکارسورج مکھی کی کاشت سے کم وقت میں زیادہ منافع کما سکتے ہیں جبکہ حکومت پنجاب نے سورج مکھی کی کاشت کے فروغ کیلئے سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ سورج مکھی کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں ضافہ کیا جاسکے جس سے ملکی خوردنی درآمدی بل میں بھی کمی واقع ہوگی۔

مزید برآں سورج مکھی کم دورانیے کی فصل ہے جو 100سے130دنوں کے مختصر عرصہ میں پک کر تیار ہوجاتی ہے اور سال میں اس کی دوفصلیں کاشت کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی فصل کی کاشت کو فروغ دے کر کاشتکار نہ صرف اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکتے ہیں بلکہ اپنے ملک میں تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والے کثیر زرمبادلہ کی رقم بچانے کے علاوہ اپنی خوردنی تیل کی گھریلو ضروریات کو بھی پورا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار وں کو سورج مکھی کی فصل کی کاشت کے لیے راغب کرنے بارے محکمہ زراعت پنجاب نے تمام ڈویژنز میں افسر ان کو سورج مکھی کی کاشت بارے ٹریننگ دینے کا پروگرام بھی وضع کیاجارہا ہے۔