تحریک تحفظ آئین کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کو ملنے کا امکان

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نامزدگی کے بعد محمود خان اچکزئی کو تحریک تحفظ آئین کی سربراہی سے ہٹانے پر غور شروع

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 21 نومبر 2025 11:17

تحریک تحفظ آئین کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کو ملنے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2025ء) تحریک تحفظ آئین کی سربراہی مولانا فضل الرحمان کو ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی نامزدگی کے بعد محمود خان اچکزئی کو تحریک تحفظ آئین کی سربراہی سے ہٹانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ادھر اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کے نام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے چیف وہپ عامر ڈوگر کو خط لکھ دیا۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر سے مشاورت کے بعد خط کا جواب دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی اعتراض مسترد کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کے نام پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی کا نام دیا گیا تھا، ہمارا اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کا نام فائنل ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان نےجمعہ 21نومبر کوملک بھر میں 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف یوم سیاہ منانےکا اعلان کررکھا ہے۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان سید زین شاہ کی سربراہی میں خواجہ نوید امین ایڈووکیٹ، عاقب راجپر ایڈووکیٹ، منیر نائچ و دیگر پر مشتمل وفد نے کراچی بار کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سید زین شاہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف کراچی بار کے موقف کی تائید کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم سمیت تمام غیر آئینی ترامیم کی بھر پور مزاحمت کرے گی۔