الیکشن کمیشن نے این اے 86 میں کامیاب ہونے والے لیگی امیدوار بلال چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا

پیر 24 نومبر 2025 23:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2025ء) الیکشن کمیشن نے این اے 86 میں کامیاب ہونے والے لیگی امیدوار بلال چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکتے ہوئے کیس کی سماعت 2دسمبر تک ملتوی کردی ۔سوموار کو الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی چنچ نے این اے 96 میں وزیر مملکت برا ئے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلف ورزی پر جاری نوٹسز کی سماعت کی۔

ا س موقع پر لیگل ٹیم نے کمیشن کو بتایا کہ وزیر مملکت طلال چوہدری کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر این اے 96 سے تین شکایات موصول ہوئیں اس دوران16 نومبر کو ڈی ار او نے طلال چوہدری نوٹس جاری کیا اور ڈی ار او نے وارننگ جاری کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن سرگرمیوں میں شمولیت سے روکا تاہم وزیر مملکت طلال چوہدری نے دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے بھائی کی الیکشن مہم میں شرکت کی جس کے بعد 20 نومبر کو طلال چوہدری کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پچاس ہزار جرمانہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق کوئی بھی سرکاری افسر عوامی نمائندہ الیکشن مہم میں شرکت نہیں کرسکتا۔لیگل ٹیم نے کمیشن کو بتایا کہ صدر، وزیراعظم، چیئرمین سینٹ سپیکرز سمیت دیگر الیکشن مہم میں شرکت نہیں کر سکتا۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم نے سخت کارروائی کی سفارش کردی۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر اپنے آپ کو قانون کے تابع نہیں سمجھتے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ کیا طلال چوہدری جس کی مہم میں شریک ہوئے وہ امیدوار جیتا ہے جس پر لیگل ٹیم نے بتایا کہ جی طلال چوہدری نے جس امیدوار کی مہم میں شرکت کی وہ جیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اس کو نااہل بھی جاسکتا ہے۔ اس موقع پر کمیشن نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے بھائی بلال چوھدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم جاری کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ابھی ہم بلال چوہدری کو نااہل نہیں کرتے صرف کامیابی کا نوٹیفکیشن روک رہے ہیں کمیشن نے کیس کی سماعت دو دسمبر تک ملتوی کردی ۔۔۔۔ اعجاز خان