این اے 18 ہری پور: ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں وزیر اعلیٰ کے پی طلب

جمعرات 11 دسمبر 2025 17:04

ٌ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2025ء) این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو طلب کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ کیس کی سماعت 16 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

کیس میں متعدد الزامات شامل ہیں، جن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، انتخابی بے ضابطگیاں اور انتخابی عمل میں مداخلت کے دعوے شامل ہیں۔ شہری ناز نے عمر ایوب کے خلاف انتخابی بے ضابطگیوں کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جس کی سماعت بھی اسی روز ہوگی۔درخواست میں جعلی کارروائیوں، جعلی دستاویزات اور فارم 47 فراہم نہ کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی ضمنی انتخاب کے نتائج کے فوری ری کاؤنٹ کی درخواست بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست گزار کے مطابق نتائج کی کنسولیڈیشن کا نوٹس جاری نہ کیا گیا، جو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ شفافیت کو یقینی بنانے اور تمام بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر ہدایات جاری کی جائیں۔اس کیس کو این اے 18 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ایک اہم قانونی اور سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔