پاکستان کے ایگریکلچرل ٹیلنٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ چین میں مکمل، دوسراجاری

بدھ 17 دسمبر 2025 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2025ء) پاکستان کے زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے گریجویٹس کے پہلے گروپ نے چین میں تین ماہ پر مشتمل تکنیکی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ حکام نے بدھ کواس کی تصدیق کی۔ یہ سنگِ میل پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے کی جدت کاری کے لیے بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

گوادر پرو کے مطابق چینی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی (CIDCA) کے پلیٹ فارم پر جاری ایک سرکاری اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم کے اقدام برائے چین میں 1,000 زرعی گریجویٹس کی استعداد سازی پروگرام کے تحت تقریباً 300 پاکستانی شرکاء نے صوبہ شانشی میں اپنی تربیت مکمل کی۔گوادر پرو کے مطابق یہ پروگرام حکومتی سرپرستی میں شروع کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کے 1,000 زرعی گریجویٹس کو مختصر اور درمیانی مدت کی تربیت کے لیے چین کے معروف زرعی تعلیمی اداروں میں بھیجا جا رہا ہے، جن میں نارتھ ویسٹ ایگریکلچر اینڈ فاریسٹری یونیورسٹی اور یانگ لنگ ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تین ماہ کے قیام کے دوران شرکاء کو جدید زرعی ٹیکنالوجیز میں عملی تربیت فراہم کی گئی، جس میں پانی کی بچت کرنے والے آبپاشی نظام، جدید پیداواری طریقے، بیجوں کی ٹیکنالوجی اور فصل کے بعد ہونے والے نقصانات کی روک تھام جیسے شعبے شامل تھے۔ حکام کے مطابق یہ مہارتیں پاکستان کے زرعی شعبے میں پیداوار بڑھانے اور اسے موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابل زیادہ مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

یہ اقدام ایک نئی نسل کے بین الشعبہ جاتی ماہرین تیار کرنے کے لیے بنایا گیا ہے جو تکنیکی مہارت اور چین کی موسمیاتی طور پر موزوں، ٹیکنالوجی پر مبنی زرعی طریقوں کا عملی تجربہ رکھتے ہوں۔ توقع ہے کہ یہ گریجویٹس وطن واپس آ کر ’’ماسٹر ٹرینرز‘‘کا کردار ادا کریں گے اور پاکستان کے دیہی علاقوں میں جدید زرعی تکنیکوں کے فروغ میں مدد دیں گے۔

اسی تناظر میں، پروگرام کا دوسرا مرحلہ اگست 2025 میں ووہان کی ہواژونگ ایگریکلچرل یونیورسٹی میں شروع ہوا، جہاں 190 انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ ڈگریوں کے حامل پاکستانی زرعی ماہرین جن میں منیجرز اور تکنیکی ماہرین شامل ہیں نے تین ماہ پر مشتمل تربیت کا آغاز کیا۔ اس مرحلے میں اسمارٹ ایگریکلچر اور جدید پیداواری ٹیکنالوجیز جیسے شعبوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔