ڈسکہ میں گندم آگاہی سیمینار کا انعقاد، گندم کی پیداوار میں اضافہ کیلئے زرعی مشاورت مہیا کی گئی

جمعہ 19 دسمبر 2025 13:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2025ء) محکمہ زراعت (توسیع)سیالکوٹ کے زیر اہتمام کاشتکاروں کیلئے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کیلئے زرعی مشاورت مہیا کی گئی۔ موضع کنڈن سیان تحصیل ڈسکہ میں مقامی مارکی میں منعقدہ سیمینار سے ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانولہ ڈاکٹر شکیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)سیالکوٹ سجاد حیدر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ڈسکہ کامران بھٹی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر محکمہ زراعت (توسیع) پنجاب کے منصوبوں بشمول پیداواری مقابلہ ،گرین ٹریکٹر سکیم ، کسان کارڈ و دیگر کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔ سابقہ چیرمین یو سی کنڈن سیان تحصیل ڈسکہ چوہدری سعید اللہ سیان نے کاشتکاروں کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیر قیادت صوبہ بھر میں کسان دوست اقدامات کی بدولت ضلع سیالکوٹ میں بھی ریکارڈ گندم کاشت ہوئی ہے اور یہ کسانوں کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پورے پاکستان کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرتا ہے اور حکومت پنجاب کی زرعی پالیسیوں سے کسان کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ دلجمعی سے کاشتکاری پر توجہ دے رہا ہے۔