یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام تیسری بین الاقوامی کانفرنس برائے پائیدار بزنس ڈویلپمنٹ کا انعقاد

جمعہ 19 دسمبر 2025 16:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 دسمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے زیر ِاہتمام تیسری بین الاقوامی کانفرنس برائے پائیدار بزنس ڈویلپمنٹ منعقد کی گئی ،جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین، محققین اور اساتذہ نے شرکت کی۔کانفرنس میں 100 سے زائد تحقیقی مقالہ جات پیش کیے گئے جن میں موسمیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز جیسے اہم موضوعات پر مفصل گفتگو کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق تھے جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس اور پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہمانانِ اعزاز میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب اور وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ایم عمر چوہدری شامل تھے۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں گزشتہ چند برسوں کے دوران نمایاں تعلیمی و تحقیقی پیشرفت کو سراہا اور قومی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر سنجیدہ غور و فکر کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے جامعات کو جدت اور انٹرپرینیورشپ کے ذریعے قومی مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں تحقیق اور جدت کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے ایک سال میں 1250 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کیے جبکہ گزشتہ دو برسوں میں 64 پیٹنٹس جمع کروائے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنر مند، بااخلاق اور تخلیقی گریجویٹس کی تیاری ہی قومی ترقی اور عالمی علمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ضمانت ہے۔

ڈائریکٹر ملک فیروز خان نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر عرفان شہزاد نے پائیدار بزنس ماڈلز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار کاروباری حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ایم عمر چوہدری اور پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب نے بھی خطاب کیا اور طویل المدتی معاشی استحکام اور ذمہ دارانہ ترقی کے لیے ٹیکنالوجی، جدت اور انٹرپرینیورشپ کے امتزاج پر زور دیا۔