ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد و خشک، شمالی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی

جمعہ 26 دسمبر 2025 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 دسمبر2025ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں جزوی ابر آلودگی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران دھند چھائی رہے گی، جس کے باعث شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم پنجاب اور بلوچستان میں بارش کا کوئی واضح امکان نہیں ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی دیکھی گئی۔کل ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، استور میں منفی 6، گوپس میں منفی 5 جبکہ اسکردو، ہنزہ اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کالام، گلگت، کوئٹہ اور دیر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کی شدت کے پیش نظر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ سردی سے پیدا ہونے والے خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔