شدید دھند : لاہور سے کراچی جانیوالی بسوں اور کار کا تصادم، 12 افراد زخمی

منگل 6 جنوری 2026 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2026ء) لاہور سے کراچی جا رہی دو بسوں اور بہاولپور کی جانب جانے والی ایک کار کے درمیان ٹبہ سلطان پور کے علاقے چوک میتلا میں شدید دھند کے باعث تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار ڈرائیور سمیت 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر کے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

حادثے کا شکار دونوں بسیں مسافروں کو لے کر لاہور سے کراچی جا رہی تھیں، جبکہ کار بہاولپور کی جانب سفر کر رہی تھی۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ حکام نے کہا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔یاد رہے کہ گذشتہ روز نوابشاہ کے علاقے مہران ہائی وے بچھری روڈ پر بھی دو کاریں ٹکرانے کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوئے تھے۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی ہیں اور شہریوں کو حدِ نگاہ کم ہونے کی صورت میں احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔