یونیورسٹی آف سرگودھا اور بایو رسک مینجمنٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

بدھ 7 جنوری 2026 17:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا اور بائیو رسک مینجمنٹ ایسوسی ایشن پاکستان کے درمیان لیبارٹریوں میں حفاظتی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر لیبارٹری ماحول کو محفوظ بنانے، حیاتیاتی خطرات کی نشاندہی، حفاظتی اقدامات کے نفاذ، عملے کی پیشہ ورانہ تربیت اور تحقیقی سرگرمیوں میں عالمی معیار اپنانے کے لیے تعاون کریں گے۔

اس شراکت داری کے ذریعے لیبارٹری طریقہ کار کو بہتر بنانے اور تحقیق کے دوران ممکنہ خطرات کو کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔معاہدے کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا اپنے تدریسی اور تحقیقی عملے کی فعال شمولیت کو یقینی بنائے گی، حفاظتی سفارشات پر عمل درآمد کرے گی اور لیبارٹری سطح پر نگرانی کے مؤثر نظام کو فعال بنانے کے لیے کمیٹی قائم کرے گی۔

(جاری ہے)

یہ اشتراک یونیورسٹی آف سرگودھا میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ، صحتِ عامہ سے جڑے امور پر ذمہ دارانہ تحقیق اور محفوظ لیبارٹری ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو ادارے کے تعلیمی و تحقیقی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔معاہدے کی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس شریک ہوئے جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے بی ایم پاکستان ڈاکٹر اصغر علی اور سرگودھا یونیورسٹی کی جانب سے انٹر ڈسپنلری ریسرچ سنٹر فار ون ہیلتھ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ظفر حیات نے کیے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان اور ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال بھی موجود تھے۔