یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ قانون کے طلبا کا پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ

جمعہ 9 جنوری 2026 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2026ء) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ قانون کے 20 رکنی طلبا کے وفد نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ وفد کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹر جان محمد بلیدی نے طلبا کوخوش آمدید کہا۔اس موقع پر سینیٹر جان محمد بلیدی نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضامن ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر طلبا یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تو وہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں اور قابلیت کو قومی ترقی اور خوشحالی کے لئے بروئے کار لائیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر جان محمد بلیدی نے مزید کہا کہ ریاست کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے اور عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس، بالخصوص ایوانِ بالا (سینیٹ) کے کردار، قانون سازی کے عمل، سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے دائرہ کار اور کام کے طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی۔ طلبا کو بتایا گیا کہ سینیٹ میں صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے ۔ مطالعاتی دورے کے دوران طلبا کے وفد نے سینیٹ میوزیم اور گلی دستور کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، آئینِ پاکستان کی تشکیل، جمہوری ارتقا اور قانون سازی کے اہم مراحل بارے بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں وفد نے سینیٹ ہال کا دورہ کیا ۔دورے کے اختتام پر سینیٹر جان محمد بلیدی کے ہمراہ وفد کا گروپ فوٹو بنایا گیا اور طلبا کی تواضع فریشمنٹ سے کی گئی۔ طلبا نے پارلیمانی نظام، جمہوری روایات اور ایوانِ بالا کے کردار میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس مطالعاتی دورے کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیا۔وفد نے سینیٹر جان محمد بلیدی اور سینیٹ حکام کی رہنمائی، تعاون اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔