وزیراعظم شہباز شریف سےوینس آرٹ ایگزیبیشن میں پاکستانی پویلین کی ٹیم کی ملاقات

پیر 2 فروری 2026 13:40

وزیراعظم  شہباز شریف سےوینس   آرٹ ایگزیبیشن میں پاکستانی پویلین کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2026ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی تاریخ و ثقافت کی خوبصورتی کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم سے اٹلی کے شہر وینس میں مئی تا نومبر2026 منعقد ہونے والی تاریخی آرٹ ایگزیبیشن’’ 61ویں وینس بیانالے 2026 ‘‘میں پاکستانی پویلین کی ٹیم نے ملاقات کی۔

ملاقات میں نجم سیٹھی، پویلین کی نمائندگی کرنے والی پاکستان کی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ، پویلین کی کیوریٹر بیٹریز کوفینٹس فلیکانواور پاکستان پویلین کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش شریک تھے ۔ پاکستان پویلین ٹیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ وینس میں رواں برس نمائش میں پاکستان کے روایتی آرٹ، اس کی جمالیات و خوبصورتی کو دنیا بھر سے آئے مہمانوں و سیاحوں کو دکھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مئی سے نومبر 2026ء تک پاکستانی پویلین کے تحت متعدد ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا جو پاکستانی ثقافت اور فن کے مختلف پہلوؤں بارے دنیا بھر سے آئے مہمانوں کو آگہی دیں گے۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ 1895ء میں شروع ہونے والی وینس بیانالے دنیا کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی آرٹ نمائش ہےجو اپنے تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کے لحاظ سے منفرد ہے۔وزیرِ اعظم نے ٹیم کا خیر مقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی تاریخ و ثقافت کی خوبصورتی اور اس میں تنوع اور شمولیت کے عناصر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو پاکستانی پویلین کے افتتاح کی بھی دعوت دی۔\932