پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار سائوتھ ا یشین سٹڈی سنٹرکے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

جمعرات 12 فروری 2026 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2026ء) پنجاب یونیورسٹی سنٹرفارساؤتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام جناح۔امبیڈکرچیئرکے اشتراک سے’جناح اور امبیڈکر: آزادی سے متعلق متضاد تصورات‘ کے موضوع پر خصوصی سیمینارکا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سنٹر فار سائوتھ ایشین سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹرناہید ایس گورائیہ ، سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ اور مصنف بیرسٹر اسد رحیم خان، پی ایچ ڈی اور ایم فل سکالرز اور طلبہ نے شرکت کی۔

سیمینار میں برصغیر کی تاریخ کی دو عظیم شخصیات محمد علی جناح اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے سیاسی افکار اور آزادی کے تصورات پر روشنی ڈالی گئی ۔اپنے کلیدی لیکچر میں بیرسٹر اسد نے آئین، اقلیتوں کے حقوق، وفاق اور جمہوریت کے حوالے سے ان کے نظریات کا تجزیہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ جناح کا علیحدہ وطن کا مطالبہ مسلمانوں کے سیاسی تحفظات کے خدشات کے پیش نظر سامنے آیا، جبکہ امبیڈکر نے حقیقی آزادی کے لیے سماجی جمہوریت،آئینی خلاقیات اورذات پات کے خاتمے کو بنیادی حیثیت دی۔

پروفیسرڈاکٹرناہید ایس گورائیہ نے بیرسٹر اسد کے مدلل اور بصیرت افروز خیالات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کی شرکت کو سراہا۔ اس مباحثے نے نوآبادیاتی دور کے آخری مرحلے میں آزادی، نمائندگی اور شناخت کے پیچیدہ پہلوؤں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کی۔